کراچی کے ضلع کیماڑی میں تھانہ سائیٹ اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب 5 رکنی ڈکیت گینگ کے ایک کارندے کو گرفتار کرلیا۔
صدر ٹرمپ کا انکشاف ایران نے امریکی پابندیاں ہٹانے کی درخواست کی ہے
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہد عرف بلینجو ولد محمد احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک رپیٹر، ایک پستول، ایک موٹر سائیکل اور دو موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق مذکورہ گینگ نے تین روز قبل سائیٹ ایریا کے ایک کیمیکل گودام میں بڑی واردات کی تھی، جہاں ملزمان نے گودام کے عملے کو یرغمال بنا کر 10 لاکھ روپے نقدی، 15 موبائل فون اور سیکیورٹی گارڈ سے رپیٹر چھین لیا تھا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی جانچ اور تین روز کی انتھک ریکی کے بعد گینگ کے ایک کارندے کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ ملزم کے قبضے سے برآمد رپیٹر وہی ہے جو واردات کے دوران سیکیورٹی گارڈ سے چھینا گیا تھا۔
گرفتار ملزم سے ابتدائی تفتیش میں متعدد ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی پانچ مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے، جن میں تھانہ سائیٹ اے اور سائیٹ بی کے درج ذیل مقدمات شامل ہیں:
-
الزام نمبر 272/14 بجرم دفعہ 392/353/324/34
-
الزام نمبر 273/14 بجرم دفعہ 23(I)A
-
الزام نمبر 62/09 بجرم دفعہ 395
-
الزام نمبر 170/07 بجرم دفعہ 395
-
الزام نمبر 718/09 بجرم دفعہ 23(I)A
ایس ایس پی کے مطابق کارروائی ایس ڈی پی او سائیٹ ڈویژن زین رضا بلوچ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سائیٹ اے اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔
گرفتار ملزم کو ڈکیتی کے مقدمہ نمبر 605/25 بجرم دفعہ 397/34 تعزیراتِ پاکستان میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے پر مقدمہ نمبر 609/25 بجرم دفعہ 23(I)A بھی درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن یونٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
