کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ اساتذہ (World Teachers’ Day) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور ہمارا فخر ہیں، تعلیم کی بنیاد محنتی اور مخلص اساتذہ پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے اساتذہ نے ہر مشکل وقت میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی، ان کی خدمات تعلیم کے فروغ میں ناقابلِ فراموش ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم میں جدت، شمولیت اور اشتراک ہی ترقی کی کنجی ہیں، معیاری تعلیم صرف باصلاحیت اور بااخلاق اساتذہ سے ہی ممکن ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اساتذہ کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے پرعزم ہے، حکومت اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرامز اور پیشہ ورانہ مواقع میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے تاکہ وہ دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہ سکیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 2025 کے عالمی یومِ اساتذہ کا موضوع “تدریس کو اشتراکی پیشہ کے طور پر ازسرِنو تشکیل دینا” نہایت اہم ہے۔ تعلیم میں بہتری کے لیے اساتذہ کے باہمی تعاون اور تجربے کے تبادلے کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تدریس صرف خدمت نہیں بلکہ ایک مشن ہے، ہر استاد معاشرے میں روشنی کی کرن اور مستقبل کی امید ہے۔ اساتذہ کے بغیر علم و آگہی کا چراغ روشن نہیں رہ سکتا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ سندھ حکومت تعلیم کو باہمی تعاون، مساوات اور احترام کے ساتھ فروغ دے گی اور اساتذہ کو ان کے جائز مقام اور حقوق دلانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
