کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف جاری کارروائی کے دوران خفیہ اطلاع پر ملیر جام گوٹھ اور بلال چورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان وجاہت عرف منا، ناصر عرف کاشف، عبدالواحد اور فدا حسین عرف پیڈو کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک 9 ایم ایم پسٹل، دو میگزین بمعہ ایمونیشن، چار چوری شدہ موٹر سائیکلیں، ایک موٹر سائیکل کے پرزے، چار موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اسلحے کے زور پر شہریوں سے موبائل فون اور موٹر سائیکل چھیننے، گھروں اور پارکنگ سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے اور متعدد ڈکیتیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ ملزمان نے ڈکیتیوں کے دوران متعدد افراد کو زخمی کرنے کا بھی انکشاف کیا۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کو غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکلوں سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔ ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
