لاہور (اسپورٹس ڈیسک) — پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے ہیڈ کوچ اور کپتان کی مشاورت سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ فائنل کر لیا۔ اسکواڈ کی منظوری کے بعد باضابطہ اعلان دو روز میں متوقع ہے جبکہ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 29 ستمبر سے لگایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں ناقص فارم کے باعث صائم ایوب کو ڈراپ کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ اس کے برعکس امام الحق اور محمد نواز کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہ بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ممکنہ اسکواڈ میں شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، بابراعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، محمد نواز، فیصل اکرم اور نعمان علی شامل ہیں۔ اسی طرح ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور محمد علی کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ٹیسٹ اسکواڈ کی حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی کو ارسال کر دی گئی ہے۔