دبئی (اسپورٹس ڈیسک) — ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ایم پی اے روما مشتاق مٹو کی پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد
136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بناسکی۔ پاکستان کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہی اور محض 49 کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان 4، صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے، فخر زمان 13، حسین طلعت 3 اور کپتان سلمان علی آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں محمد حارث (31) اور محمد نواز (25) نے ٹیم کو سہارا دیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی 19 قیمتی رنز جوڑے۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3 اور مہدی حسن و رشاد حسین نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بلے باز ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہے۔ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب نے 2 اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شمیم حسین نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے مگر وہ بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ سپر فور کا آخری میچ کل بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہوگا تاہم سری لنکا پہلے ہی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔
