کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سندھ پولیس کے ڈیجیٹلائزیشن پروگرام اور عوام کے لیے آسان سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز ویلفیئر اینڈ ورکس، ٹریننگ، سی ٹی ڈی، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، کرائم اینڈ انویسٹیگیشنز، اسٹیبلشمنٹ، آئی ٹی، سی آئی اے، ٹریننگ، ایس ایس پیز سی ٹی ڈی اور اے ایس پیز نے شرکت کی۔
کورنگی میں جعلی سیمنٹ فیکٹری پر چھاپہ، فیکٹری سیل اور آٹھ افراد گرفتار
اجلاس کو ڈی آئی جی آئی ٹی نے سندھ پولیس کی ویب سائٹ www.sindhpolice.gov.pk پر فراہم کی جانے والی عوامی و دفتری سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ویب سائٹ مکمل طور پر فعال ہے جس پر عوامی سہولیات جیسے پولیس ویریفیکیشن، اسپیشل برانچ ویریفیکیشن، آن لائن ڈرائیونگ لائسنس اور شکایتی سیل کے واٹس ایپ و ہیلپ لائن نمبرز کا براہ راست لنک دستیاب ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ویب سائٹ پر پولیس اہلکاروں کے لیے ٹریننگ کورسز، نتائج اور دفتری اعلانات بھی موجود ہیں، جبکہ تمام ضلعی دفاتر اپنی یومیہ معلومات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر رہے ہیں۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ عوام دوست پولیسنگ کے لیے "ون ونڈو سہولت” کو یقینی بنایا جائے تاکہ معمولی نوعیت کی معلومات کے لیے عوام کو تھانے یا کسی پولیس دفتر نہ جانا پڑے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کرایہ داروں، گھریلو ملازمین کی تصدیق اور پولیس کے خلاف شکایات سمیت مزید سہولیات بھی ویب سائٹ سے منسلک کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سہولیات کے ڈیجیٹلائزڈ ہونے سے پبلک سروس ڈلیوری مزید بہتر ہوگی اور ویب سائٹ کو یومیہ بنیاد پر اپڈیٹ کیا جانا چاہیے۔
