کراچی (رپورٹ: اسٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کورنگی کی بڑی کارروائی، جعلی سیمنٹ تیار کرنے والی فیکٹری سیل کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو کی جانب سے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کورنگی محمد حسین کھوسو نے خفیہ اطلاع پر کورنگی میں قائم جعلی سیمنٹ فیکٹری پر چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران فیکٹری کو فوری طور پر سیل کردیا گیا جبکہ 8 ملزمان کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مقدمہ بھی درج کرا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 300 جعلی سیمنٹ کی بوریاں قبضے میں لی گئیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق جعلی مصنوعات کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ اشیاء فراہم کی جا سکیں۔