کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ این ای ڈی کے چونتسویں کانووکیشن میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہاشوانی گروپ آف کمپنیز امین اے ہاشوانی نے کہا ہے کہ ملکی انجینئرنگ کی باگ دوڑ نوجوان نسل کو سنبھالنی ہے، اس لیے سب سے پہلے اپنی اصلاح ضروری ہے تاکہ معاشرہ خودبخود بہتری کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی گراں قدر خدمات سے ہماری معاشی و معاشرتی ترقی ممکن ہے۔
کراچی میں حب کینال کی مرمت مکمل، پانی کی فراہمی جلد بحال ہوگی – واٹر کارپوریشن
امین اے ہاشوانی نے اپنے خطاب میں مولانا جلال الدین رومی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اصلاح دنیا سے قبل اپنی تہذیبِ نفس کرنا ضروری ہے، اگر ہم اپنی اصلاح کرلیں تو یقین جانیے کہ معاشرہ خود بہتر ہوجائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آج سے عہد کریں کہ خود کو سنوارنے کے ساتھ ساتھ ملکی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔
استقبالیہ خطاب میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں، جامعہ انتظامیہ اور اساتذہ نے طلبہ کو بہترین تحقیقی و تعلیمی ماحول فراہم کیا، آج کی ڈگری اس بات کی گواہی ہے کہ ایک نئی اور باصلاحیت نسل تیار ہوچکی ہے جو ملک و قوم کی خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
کانووکیشن میں سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد عباس بلوچ، پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد نعمان، رجسٹرار سید غضنفر حسین نقوی سمیت دیگر معززین نے شرکت کی اور طلبہ کو اسناد و میڈلز سے نوازا۔
جامعہ کی ترجمان فروا حسن کے مطابق اس سال تاریخ میں پہلی بار 37 اسکالرز کو ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ علاوہ ازیں 2081 گریجویٹس، 815 ماسٹرز اور تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 21 طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔ اس برس کانووکیشن میں تقریباً ساڑھے سات ہزار افراد نے شرکت کی۔
