ایمان مزاری کی چیف جسٹس عدالت کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ کرنے کی درخواست جج کے ریمارکس پر بار کونسلز اور وکلاء برادری برہم

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) معروف وکیل اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ایمان زینب مزاری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی عدالت نمبر 1 کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ کرنے کی درخواست دائر کر دی۔ اپنی درخواست میں ایمان مزاری نے موقف اپنایا کہ 11 ستمبر 2025 کی صبح 9 بجے سے 11 بجے کے دوران ان کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی ریکارڈنگ محفوظ کی جائے اور اس فوٹیج کی کاپی انہیں فراہم کی جائے، جس کے لیے انہوں نے یو ایس بی بھی منسلک کی ہے۔
بینچ اور بار کے خوشگوار تعلقات کے بغیر قانون کی حکمرانی ممکن نہیں چیف جسٹس

درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایمان مزاری نے اپنے مؤکل کی جانب سے انسانی حقوق کی کارکن ماہ رنگ بلوچ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی استدعا چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت میں پیش کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے انہیں توہین عدالت کی کارروائی سے خبردار کیا اور مبینہ طور پر کہا کہ وہ انہیں "پکڑوا بھی سکتے ہیں”۔ ایمان مزاری نے اس موقع پر مؤقف اختیار کیا کہ وہ صرف اپنا پیشہ ورانہ فریضہ انجام دے رہی ہیں اور اگر عدالت ضروری سمجھے تو وہ توہین عدالت کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔

اگلے ہی روز ایک اور مقدمے کی سماعت میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے، اور انہوں نے کبھی "پکڑوا دینے” جیسی بات نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمان مزاری ان کے لیے بیٹی کی مانند ہیں اور وہ انہیں صرف سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم ان کے ریمارکس نے ملک بھر کی وکلاء برادری اور سماجی حلقوں میں سخت ردعمل کو جنم دیا۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، بلوچستان بار کونسل اور کراچی بار ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس کے رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ وکلاء تنظیموں کا کہنا ہے کہ وکلاء عدالت کے افسر ہوتے ہیں اور ان کی عزت و وقار کو بھی اسی طرح مقدم رکھا جانا چاہیے، جیسے معزز جج صاحبان کے وقار کو دیا جاتا ہے۔

ویمنز ایکشن فورم نے بھی جج کے مبینہ ریمارکس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں "انتہائی قابلِ اعتراض، پدرشاہی اور صنفی تعصب پر مبنی” قرار دیا اور کہا کہ خواتین کے خلاف اس طرح کی زبان قابلِ مذمت ہے۔

60 / 100 SEO Score

One thought on “ایمان مزاری کی چیف جسٹس عدالت کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ کرنے کی درخواست جج کے ریمارکس پر بار کونسلز اور وکلاء برادری برہم

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!