کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے نائب سربراہ محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ دین اسلام کی اساس اور اُمت مسلمہ کے ایمان کی پہچان ہے، اسلام کے تحفظ اور امت کے اتحاد کی ضمانت اسی عقیدے میں مضمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے جان، مال اور قلم سے جدوجہد کرنا ہر مسلمان کا دینی و ایمانی فریضہ ہے۔
ایس سی او سمٹ نئے عالمی نظام اور علاقائی تعاون کی شروعات ہے: میاں زاہد حسین
یومِ تحفظ ختم نبوت ﷺ و عرس شہدائے میلاد مصطفی ﷺ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد غوری نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ وہ کسوٹی ہے جس پر ایمان کی سچائی پرکھی جاتی ہے، جو اس کا انکار کرے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ انہوں نے قادیانیوں کو اسلام اور پاکستان کا غدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ قادیانیت نواز ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہے ہیں، مگر ہم عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے قائد ملت اسلامیہ علامہ شاہ احمد نورانی، مجاہد ملت مولانا عبدالستار خان نیازی، مولانا محمد علی رضوی سمیت دیگر اکابرین کی ختم نبوت ﷺ تحریک کے لیے خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 1974 میں ہمارے رہنماؤں کی مسلسل جدوجہد سے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دلایا گیا۔
شاہد غوری نے مزید کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل قادیانیوں کو اسلام میں فتنہ پھیلانے کے لیے سہولتیں فراہم کررہے ہیں، لیکن پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور یہاں گستاخ رسول ﷺ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہاں بھی قادیانی کلیدی عہدوں پر فائز ہیں، انہیں آئین کے مطابق ہٹایا جائے۔
اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنماؤں فہیم الدین شیخ، محمد آفتاب قادری، محمد مبین قادری، علامہ ذیشان مدنی، قاری امان قادری، امیر کراچی محمد فرقان قادری، نائب امیر عارف منصوری، علامہ محمود قادری، صاحبزادہ بلال رضا بھٹی اور کراچی رابطہ کمیٹی کے اراکین سمیت بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔ تقریب میں شہداء میلاد مصطفی ﷺ کے مزار پر قرآن خوانی اور چادر پوشی کے بعد دعا بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ شہداء میلاد مصطفی ﷺ نے اسلام کی سربلندی کے لیے قربانیوں کی مثال قائم کی، اور ہم بھی ناموس رسالت ﷺ اور عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
