کراچی: (ڈیسک رپورٹ) نیب کورٹ کراچی میں ساڑھے 17 ہزار ایکڑ زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ملک ریاض، زین ملک اور علی ریاض سمیت 10 ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیا اور دوبارہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
مری اجلاس میں “تسلسل” کا فیصلہ ہوچکا، سب کچھ آئین کے مطابق ہوگا: رانا ثنااللہ
عدالت نے قرار دیا کہ مفرور ملزمان کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعات 87 اور 88 کے تحت کارروائی شروع کی جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ستار اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ تمام نامزد ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں تاکہ وہ بیرونِ ملک فرار نہ ہو سکیں۔ عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
عدالتی حکم کے مطابق ملک ریاض سمیت تمام مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 7 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سمیت چار ملزمان نے پہلے ہی ہائیکورٹ سے حکمِ امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سپر ہائی وے کے قریب 17 ہزار ایکڑ زمین غیرقانونی طور پر الاٹ کی تھی۔
