کراچی: ضلع ملیر پولیس نے ملیر کینٹ میں چوری شدہ موٹر سائیکلوں کی خرید و فروخت میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جس میں گروہ کا سرغنہ مرید حسین بھی شامل ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی نہال ہاشمی کو گورنر سندھ بننے پر مبارکباد
پولیس کے مطابق ملزمان مختلف علاقوں سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں خرید کر خفیہ مقامات پر منتقل کرتے تھے۔ بعد ازاں، انہیں خفیہ کارخانوں میں لے جا کر اسپیئر پارٹس تبدیل کیے جاتے اور پھر مختلف گوداموں اور ورکشاپس میں فروخت کیے جاتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 30 سے زائد چوری شدہ موٹر سائیکل کے اسپیئر پارٹس برآمد ہوئے، جن میں 14 فیول ٹینک، 57 مڈ گارڈز، 31 کلیمپس، چین کورز، ٹائرز، رِمز اور دیگر مختلف اسپیئر پارٹس شامل ہیں۔ ساتھ ہی دو عدد لوڈر رکشے اور چوری شدہ موٹر سائیکل کی چیچز بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ملیر کینٹ پولیس نے ضابطے کے تحت گرفتار ملزمان غلام، ریاض، محمد ساجد اور سرغنہ مرید حسین کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی انٹیلیجنس اور ٹیکنیکل بیسڈ معلومات پر عمل کرتے ہوئے کی گئی اور شہر میں موٹر سائیکل چوری کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔

