کراچی (کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے مختلف ٹارگٹڈ کارروائیوں میں 1 اسٹریٹ کرمنل، 1 موٹر سائیکل لفٹر، 2 منشیات فروش اور 1 چھالیہ سپلائر کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق ملزمان سے ایک پستول بمعہ راؤنڈز، چوری شدہ موٹر سائیکل، کرسٹل، آئس، شراب، 20 کلو چھالیہ، 90 کلو پتہ اور 5 کلو گٹکا/ماوا برآمد کیا گیا۔ کارروائیاں تھانہ بغدادی، گارڈن، نبی بخش، کلری اور عیدگاہ کی حدود میں کی گئیں۔
ملزمان کی شناخت فرحان عرف خلیفہ، آصف عرف آشوک، شرجیل، محمد عرفان اور جاوید اقبال کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد شدہ موٹر سائیکل (KNV-6050) کا مقدمہ الزام نمبر 299/2025 بجرم دفعہ 381A تھانہ گارڈن میں درج ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان عادی مجرم ہیں جو اس سے قبل بھی کئی بار مختلف مقدمات میں گرفتار ہوچکے ہیں۔ آصف عرف آشوک غیر قانونی اسلحہ، موٹر سائیکل لفٹنگ اور منشیات فروشی کے 11 مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے جبکہ فرحان عرف خلیفہ قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلہ، ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ اور منشیات فروشی جیسے 9 مقدمات میں گرفتار ہوکر سزا کاٹ چکا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم آصف عرف آشوک مقدمہ الزام نمبر 222/2025 بجرم دفعہ 6/9-(3)B تھانہ گارڈن میں مفرور بھی تھا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور انہیں انویسٹی گیشن و اے وی ایل سی حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
