کراچی (اسٹاف رپورٹر): ضلع وسطی کی انتظامیہ نے کٹی پہاڑی پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد حمیر احمد موقع پر پہنچے اور آپریشن کی نگرانی کی۔
لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑی سے بڑے پتھر سڑک پر گر گئے تھے جس سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔ انتظامیہ نے بھاری مشینری کے ذریعے پتھروں کو ہٹا کر راستہ صاف کیا، جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر ٹریفک کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد حمیر احمد نے بتایا کہ بارشوں کے دنوں میں کٹی پہاڑی خطرناک شکل اختیار کر لیتی ہے اور شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر فوری ایکشن لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی کے باعث ضلع وسطی اور ضلع ویسٹ کو ملانے والا یہ اہم راستہ جلد ہی بحال کر دیا گیا۔