راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ قومی استحکام کے لیے سیاسی قیادت اور عوام کو اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
کموڈور سہیل احمد عزمی نے کمانڈر سینٹرل پنجاب کی کمان سنبھال لی
تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پراکسیز اور سہولت کاروں کے ذریعے پاک فوج کو بدنام کرنے کی منصوبہ بندی کی، لیکن مؤثر اور بھرپور جواب نے دشمن کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عسکری مشین پاکستانی عزم اور حوصلے کے سامنے بے بس ہو گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے بیک وقت بیرونی حملہ آوروں اور اندرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دو محاذوں پر لڑنے کی صلاحیت نے دشمن کو حیران کر دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افغان باشندے جرائم میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف کارروائی پر بعض سیاسی و جرائم پیشہ عناصر اعتراض کرتے ہیں، تاہم نیشنل ایکشن پلان کے تمام 14 نکات پر عملدرآمد قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ گورننس کے خلا کو سیکیورٹی ادارے اپنی جانوں کی قربانی دے کر پورا کر رہے ہیں۔ فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل قربانیاں دے کر ریاستی رٹ قائم رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی اور استحکام اسی وقت ممکن ہے جب عوام اور سیاسی قیادت اداروں کے ساتھ کھڑی ہو۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر محاذ پر دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور یکسو ہے۔
