لاہور، 21 اگست 2025: کموڈور سہیل احمد عزمی نے پاک بحریہ کے کمانڈر سینٹرل پنجاب (COMCEP) کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ نیول کمپلیکس والٹن لاہور میں منعقدہ کمان تبدیلی کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے ریئر ایڈمرل جواد احمد نے کمان ان کے حوالے کی۔
کموڈور سہیل احمد عزمی نے 1996 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور مختلف کمانڈ و اسٹاف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ ان میں پاکستان نیوی وار کالج میں ڈائریکٹنگ اسٹاف، پی این ایس نصر کے کمانڈنگ آفیسر، کمانڈر 9 آکزلری اسکاڈرن، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنل پلانز)، بحرین میں کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 اور پاکستان نیوی وار کالج میں ڈپٹی کمانڈنٹ و چیف انسٹرکٹر شامل ہیں۔
وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں اور ان کی شاندار پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔
کمان تبدیلی کے موقع پر کموڈور سہیل احمد عزمی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ہیڈکوارٹرز سمیت پاکستان نیوی وار کالج کے اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ بطور کمانڈر سینٹرل پنجاب وہ بہاولپور سے وزیرآباد تک پاک بحریہ کی تمام یونٹس اور تنصیبات کے کمانڈر اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور ہوں گے۔
تقریب میں پاک بحریہ کے آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز، سیلرز اور سویلینز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

