اسلام آباد/بیجنگ: آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے چینی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاک چین "آہنی دوستی”، اسٹریٹجک شراکت داری اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بیجنگ میں چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور شراکت داری کی نئی جہتوں پر بات چیت کی گئی۔
اس دوران پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC)، بدلتی عالمی صورتحال، جیوپولیٹیکل چیلنجز اور علاقائی استحکام کے امور زیر بحث آئے۔ دونوں ممالک نے کثیرالجہتی تعاون، خودمختاری کے احترام، اور طویل مدتی علاقائی استحکام پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے چین کے نائب چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژانگ یو ژیا، پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے سیاسی کمشنر جنرل چن ہوئی اور چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جن سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
پی ایل اے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان عسکری اعتماد اور دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔
ملاقاتوں میں انسداد دہشتگردی، مشترکہ مشقیں، تربیت، دفاعی جدیدیت اور ہائبرڈ و سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملیوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
چینی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کو جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی ضامن قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ دونوں ممالک فوجی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی و عسکری تعلقات اور علاقائی سلامتی کے لیے اعلیٰ سطح پر جاری مشاورت کا تسلسل ہے، جو اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
