لاہور: ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد قومی نصب العین اور حب الوطنی کی بنیاد پر متحد ہیں، اور پوری قوم بلا تفریق ہر مشکل گھڑی اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہوتی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا چین کا سرکاری دورہ، پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم
لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں سے خصوصی ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو پوری قوم کی اجتماعی کاوش قرار دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند اور ترقی پذیر ملک ہے، جہاں بین المذاہب ہم آہنگی قومی طاقت کا ستون ہے۔ دشمن کو پاکستانی قوم کے اتحاد کے باعث ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے روشن مستقبل میں نوجوانوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اور موجودہ نسل کو اپنے نظریے، تاریخ اور حب الوطنی سے جڑے رہ کر ملکی استحکام میں کردار ادا کرنا ہوگا۔
طلبہ و طالبات اور مختلف مذاہب کے نمائندوں نے افواجِ پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ہر مذہب، قومیت اور طبقے کے پاکستانیوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور ملک کی سالمیت کے خلاف کسی بھی سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
