کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی خصوصی ہدایت پر تھانہ شاہراہِ نور جہاں پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایم کیو ایم کے بیانات لاعلمی پر مبنی ہوتے ہیں، ہر معاملے میں نفرت اور تعصب نہ پھیلائیں — سعید غنی
پولیس کے مطابق کارروائی شاہراہِ نور جہاں کے علاقے میں اندرون گلی گشت کے دوران عمل میں لائی گئی جہاں دونوں ملزمان کو مشکوک حرکات پر روکا گیا۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، نقدی، موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد یعقوب ولد محمد پرویز اور عبدالغنی ولد عبدالمطالب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول بمعہ دو زندہ راونڈز، نقد رقم، دو موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 514/2025 بجرم دفعہ 23-1(A) تعزیرات پاکستان کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ دوران تفتیش دونوں ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور انکشافات کی روشنی میں دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

