کراچی: کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی جناب معین الدین احمد وانی کو خفیہ اطلاع ملی کہ بلوچستان سے بذریعہ بس ممنوعہ منشیات "میراجوانہ (ویڈ)” کراچی اسمگل کی جا سکتی ہے۔ اطلاع ملنے پر کلکٹر انفورسمنٹ نے فوری طور پر اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ (ASO) کے ایڈیشنل کلکٹر سید محمد رضا نقوی کو ہدایات جاری کیں، جنہوں نے موچکہ چیک پوسٹ پر بلوچستان سے آنے والی تمام بسوں اور کوچز کی کڑی نگرانی کے احکامات دیے۔
ابراہیم حیدری میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ، ایک زخمی حالت میں گرفتار
اس کارروائی کی قیادت محترمہ بسمہ جتوئی، اسسٹنٹ کلکٹر اے ایس او نے کی۔ ٹیم نے بلوچستان سے آنے والی بسوں کی تفصیلی چیکنگ کا عمل شروع کیا۔ کارروائی کے دوران بلوچستان سے کراچی آنے والی بس (رجسٹریشن نمبر BTA 988) کو روکا گیا اور اس میں موجود مسافروں کے سامان کی تلاشی لی گئی۔
تلاشی کے دوران کھجور اور چپس کے پیکٹوں میں مہارت سے چھپائے گئے 13 پلاسٹک باکس برآمد ہوئے، جن میں ممنوعہ منشیات "ویڈ” موجود تھی۔ برآمد شدہ منشیات کا کل وزن 3.16 کلوگرام اور تخمینی مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق بس میں سوار ایک مسافر، عارف، کو گرفتار کر کے منشیات سمیت سامان ضبط کر لیا گیا ہے۔ زیر حراست ملزم کے خلاف کسٹمز و نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اسے ریمانڈ کے بعد مزید تفتیش کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
پاکستان کسٹمز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف یہ کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور ملک کو اس ناسور سے پاک کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
