کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی ہدایات پر کراچی کے مختلف اضلاع میں ٹریفک پولیس کی آگاہی ٹیموں نے نجی کمپنیوں، ٹیوشن سینٹرز اور عوامی مقامات پر ٹریفک آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا۔
ابراہیم حیدری میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ، ایک زخمی حالت میں گرفتار
ان پروگرامز کا بنیادی مقصد شہریوں، طلبہ اور ملازمین کو ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اصولوں اور سڑکوں پر نظم و ضبط کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔ ٹریفک پولیس کے افسران نے ان معلوماتی سیشنز میں شرکت کرنے والے افراد کو محفوظ ڈرائیونگ، ہیلمٹ کے استعمال، ٹریفک سگنلز کی پابندی، اور سڑک عبور کرنے کے درست طریقوں پر تفصیل سے بریفنگ دی۔
شرکاء نے پروگرامز میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور ٹریفک قوانین سے متعلق اپنی معلومات میں اضافہ کیا۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی درست رجسٹریشن اور محکمہ ایکسائز سے منظور شدہ نمبر پلیٹس کے استعمال کے حوالے سے بھی شہریوں کو آگاہی دی گئی۔
کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک نظم و ضبط کے فروغ اور حادثات کی روک تھام کے لیے اس قسم کے آگاہی پروگرامز کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ سڑکوں کو محفوظ اور انسانی جانوں کو محفوظ تر بنایا جا سکے۔
شعار کے طور پر کراچی ٹریفک پولیس نے پیغام دیا:
"آپ کے سفر میں ہمسفر – کراچی ٹریفک پولیس”
