کراچی: ملیر کے علاقے ابراہیم حیدری میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق واقعہ ابراہیم حیدری تھانے کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب پولیس کی گشت پر مامور پارٹی پر مسلح ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی۔ پولیس نے بھی فوری جوابی فائرنگ کی۔
مولانا فضل الرحمان کا حکومت پر سخت وار: مدارس پر آرڈیننس، بدامنی، اور اپوزیشن کی تقسیم پر کڑی تنقید
فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت محمد علی عرف اختر کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ علاقے میں شہریوں سے لوٹ مار کی واردات میں مصروف تھا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک عدد پستول بمعہ ایمونیشن، ایک عدد 125 سی سی موٹر سائیکل، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کرلی۔ مزید تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل تھانہ فرئیر کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔
پولیس نے زخمی ملزم کو ابتدائی طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ اس کے کرمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق ابراہیم حیدری پولیس کی جانب سے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
