کراچی (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے اے ای ٹی او قمرالدین سیال کی سربراہی میں روہڑی سرکل میں ایک بڑی کارروائی کی گئی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی 42ویں اور 43ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے ملاقات
تفصیلات کے مطابق، سینٹرل جیل روڈ پر دورانِ تلاشی ٹویوٹا کرولا کار نمبر CBN-474 سے اعلیٰ معیار کی 25 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ اس کارروائی کے دوران دو ملزمان سید محبوب شاہ اور برکت کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
محکمہ نارکوٹکس کنٹرول نے ضابطہ کی کارروائی کرتے ہوئے گاڑی اور برآمد کی گئی چرس کو قبضے میں لے لیا۔ برآمد شدہ چرس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے اس کامیاب کارروائی پر اے ای ٹی او قمرالدین سیال اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے ہمارا عزم پختہ ہے اور ہم منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
مکیش کمار چاولہ نے محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کو ہدایت دی کہ سندھ بھر کی تمام چیک پوسٹوں پر کڑی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ منشیات کی سمگلنگ کو روکا جا سکے۔
