کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں 42ویں اور 43ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے ملاقات کی اور ان سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
ایف آئی اے کی بڑی کارروائی: انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹ گرفتار
گورنر سندھ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انیشیٹیوز جو گورنر ہاؤس میں شروع کیے گئے ہیں، وہ سرکاری فنڈز سے نہیں بلکہ عوامی تعاون اور نجی شعبے کی شراکت سے جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں 50 ہزار سے زائد بچے جدید آئی ٹی کورسز سے مستفید ہو رہے ہیں اور اس کے دروازے عوام کے لیے کھول کر اسے حقیقی معنوں میں "عوامی گورنر ہاؤس” کا روپ دیا گیا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اختیارات محدود ہونے کے باوجود وہ اپنی مدد آپ کے تحت فلاحی مشن پر عمل پیرا ہیں اور روزانہ 6 ہزار بچوں کو ناشتہ اور 25 ہزار افراد کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کلائمٹ چینج سمیت 14 گورنر انیشیٹیوز پر مؤثر انداز میں کام جاری ہے، اور شجرکاری مہم کے تحت اب تک 16 ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں تاکہ ماحول دوستی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 62 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ اور ترقی کی حقیقی امید ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ جدید آئی ٹی کورسز کا دائرہ کراچی سے بڑھا کر جلد حیدرآباد تک پھیلایا جائے گا، اور پیشہ ورانہ تربیتی مراکز میں مصنوعی ذہانت (AI) کی تعلیم کا آغاز وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
