کراچی (رپورٹ) — ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بلال کالونی میں اہم کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں ڈکیتی کرنے والے ‘فیصل چنگاری گینگ’ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ فیصل، اس کی بیوی تہمینہ اور ایک اور ساتھی راجو شامل ہیں۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ یہ گینگ کافی عرصے سے بلال کالونی کی حدود میں ڈکیتیوں میں ملوث تھا اور تین سے زائد گھروں کو لوٹ چکا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے لوٹا گیا قیمتی سامان، زیورات، موبائل فونز، کیش اور پرائز بونڈ برآمد کر لیے گئے ہیں۔
خاتون ملزمہ تہمینہ گھروں میں دن دہاڑے پانی مانگنے یا کسی اور بہانے سے داخل ہوتی تھی اور بعدازاں Mis Call Code کے ذریعے گینگ کے دیگر کارندوں کو گھر میں بلا لیتی تھی۔ گینگ کے افراد گھر والوں کو یرغمال بنا کر پورے گھر کا صفایا کر دیتے تھے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گینگ کا سرغنہ فیصل پیشے کے اعتبار سے گھروں میں کلر کا کام کرتا تھا اور اسی دوران گھر کی ریکی کرتا۔ کلر کا کام مکمل ہوتے ہی وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسی گھر کو نشانہ بنا کر ڈکیتی کرتا تھا۔
رواں ہفتے بھی ملزمان نے بلال کالونی سیکٹر 5E، گلی نمبر 10 میں ایک شہری کاشف کے گھر واردات کی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ تاہم پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے برآمد سامان تحویل میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ متاثرہ شہری نے ملزمان کو شناخت کر لیا ہے۔
