شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع اجلاس میں بھارت کی پاکستان مخالف چال بری طرح ناکام ہوگئی۔ بھارتی وفد نئی دہلی کے پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے میں ناکام رہا اور جھنجھلاہٹ میں مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ اجلاس کے دوران بھارتی وفد پاکستان کی مذمت شامل کرنے کے لیے رکن ممالک سے منت سماجت کرتا رہا مگر کسی ملک نے اس موقف کی حمایت نہیں کی۔
Thursday, 26th June 2025
ذرائع کے مطابق اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کی گئی، جبکہ بھارت کا پروپیگنڈا بے اثر رہا۔ چین کے مشرقی ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں منعقدہ اجلاس میں ایران، روس، پاکستان، بیلاروس اور دیگر ممالک کے وزرائے دفاع شریک ہوئے۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت پر ہوا جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان شدید کشیدگی کے بعد نازک سیزفائر نافذ ہے اور یورپ میں نیٹو ممالک دفاعی اخراجات بڑھانے پر متفق ہوچکے ہیں۔
چینی وزیر دفاع ڈونگ جون نے اجلاس کو عالمی عدم استحکام کے دور میں توازن کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یک طرفہ پالیسیاں، تسلط پسندانہ رویے اور دھونس عالمی نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے تمام رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ پرامن ترقی کے ماحول کی مشترکہ حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور کہا کہ ایس سی او ممالک کو چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا چاہیے۔ روسی وزیر دفاع اندری بلیوسوف نے اس موقع پر چینی ہم منصب سے ملاقات میں چین روس تعلقات کو تاریخی سطح پر قرار دیا۔
واضح رہے کہ چین خود کو یوکرین جنگ میں غیر جانبدار ظاہر کرتا رہا ہے لیکن مغرب کے مطابق چین کی حمایت سے روس کو تقویت ملی ہے۔
