وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بیوہ خواتین کو نہ صرف ہمدردی پیش کی جا رہی ہے بلکہ حکومت ان کی جائز مدد اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بیواؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسلام بیوہ خواتین کو عزت، احترام اور مکمل حقوق دیتا ہے، اور یہ معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ ان خواتین کو تنہا نہ چھوڑے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ایرانی سفیر کی اہم ملاقات ایران اسرائیل کشیدگی پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا کہ کشمیر، غزہ اور اب ایران میں جاری جنگوں کے نتیجے میں بیوہ ہونے والی خواتین عالمی ضمیر کے لیے ایک دردناک سوالیہ نشان ہیں اور ان کے مصائب محض ہمدردی سے نہیں بلکہ عملی اور حقیقی تعاون سے دور کیے جا سکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت اپنے "میری چھت، میرا گھر” پروگرام کے تحت بیوہ خواتین اور اکیلی ماؤں کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے تاکہ وہ عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ اس کے علاوہ ان کے بچوں کو "ہونہار اسکالرشپ” پروگرام میں ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور محکمہ سماجی بہبود کو بیواؤں کی مکمل امداد یقینی بنانے اور ہر ممکن حکومتی تعاون فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا: "پنجاب میں کوئی بیوہ عورت خود کو تنہا محسوس نہ کرے کیونکہ ریاست ہر قدم پر اس کے ساتھ کھڑی ہے۔”
