کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عیدالاضحی کے تینوں روز صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (SSWMB) کی نااہلی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے کراچی اور سندھ کے لیے "سفید ہاتھی” قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ہر سال اربوں روپے استعمال کرنے کے باوجود شہر کو صاف رکھنے میں مکمل ناکام ہے۔
بھارت دہشتگردی کو بطور ہتھیار ترک کرے، امریکا کو بھارت کو مذاکرات پر مجبور کرنا ہوگا: بلاول بھٹو
نیو کراچی ٹاؤن آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد یوسف نے بتایا کہ اگر نیو کراچی ٹاؤن کی مقامی انتظامیہ بروقت متحرک نہ ہوتی تو علاقہ بدترین تعفن اور غلاظت کی زد میں آ جاتا۔ انہوں نے سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ اور اس کے سربراہ مشتاق احمد خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت سے 95 فیصد علاقہ عید کے تین دنوں میں کلیئر کر لیا گیا۔
چیئرمین کے مطابق SSWMB کی اندرونی سیاست، کم وسائل، کرپشن اور ناقص منصوبہ بندی نے ادارے کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک افسر کو نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد جیسے بڑے علاقوں کی صفائی کی ذمہ داری دینا بدانتظامی کی بدترین مثال ہے۔
انہوں نے ایم ڈی SSWMB پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نعمت اللہ لاشاری کو برطرف کر کے اصل ناکامی کو چھپایا جا رہا ہے جبکہ مسئلہ ایک فرد کا نہیں بلکہ پورے ادارہ جاتی نظام کی ناکامی کا ہے۔ چینی کمپنیوں کے کردار پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ یہ کمپنیاں وسائل لوٹ رہی ہیں، اور شہر کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو فوری ختم کر کے اس کے اختیارات اور وسائل مقامی بلدیاتی اداروں کے حوالے کیے جائیں تاکہ صفائی جیسے بنیادی مسائل کا مؤثر حل مقامی سطح پر نکالا جا سکے۔
