اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (FDI) کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری صحت سید وقارالحسن بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران ڈی جی ایف ڈی آئی ڈاکٹر صوفیہ یونس نے ادارے کے فنکشنز، کارکردگی اور درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کا مقصد ملک بھر میں بچوں کو 12 بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسین فراہم کرنا ہے، جس کے لیے 9 ہزار سے زائد ہیلتھ سینٹرز سرگرم عمل ہیں۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ پروگرام میں خالی آسامیوں پر فوری طور پر قابل اور اہل افراد کی شفاف طریقے سے بھرتی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن پروگرام کی کامیابی کے لیے ماہر افراد کی فوری تعیناتی ناگزیر ہے۔
انہوں نے پروگرام کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے اور پندرہ دنوں میں مربوط حکمت عملی اور سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر صحت نے کہا کہ والدین کو بچوں کی ویکسینیشن کے لیے خود آگے آنا چاہیے اور ان میں شعور اجاگر کیا جائے کہ وہ اپنے بچوں کے دشمن نہ بنیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایسی پالیسی بنائی جائے جو ہمیں منزل تک پہنچا سکے، اور پروگرام کو مضبوط بنانے کے لیے صوبائی وزرائے صحت سے مشاورت کی جائے گی۔
بعد ازاں وزیر صحت نے 1166 ہیلپ لائن اور ویکسین لاجسٹک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے لیس کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور ادارے کی بہتری کے لیے مختلف ہدایات جاری کیں۔
