کراچی: عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کمشنر کراچی کی ہدایت پر جاری کریک ڈاؤن کے دوران ضلعی انتظامیہ بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے، خاص طور پر ضلع شرقی میں۔
یتیم بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت: نارتھ کراچی میں گلوبل ایجوکیشنل سیکنڈری اسکول کا انقلابی اقدام
ڈپٹی کمشنر شرقی سید حسن نقوی کے مطابق اب تک ضلع میں 41 غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، جن کے نتیجے میں 51 ایف آئی آرز درج اور 137 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آج (ہفتہ) کے روز ہی مزید 22 غیر قانونی منڈیاں سامنے آئیں جن پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ صرف آج کے دن 21 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 63 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ڈی سی شرقی نے مزید بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران 17 جانور بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق غیر قانونی منڈیوں سے نہ صرف ٹریفک کے نظام کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ گندگی، حفظان صحت کے مسائل اور ممکنہ بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ دنوں میں بھی بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا تاکہ شہری صرف سرکاری طور پر منظور شدہ منڈیوں سے ہی قربانی کے جانور خریدیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی منڈیوں سے اجتناب کریں اور ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس یا ضلعی انتظامیہ کو دیں تاکہ مؤثر قانونی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
