کراچی (اسٹاف رپورٹر) – گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی سے گورنر ہاؤس میں عیدالفطر کے موقع پر مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، اعلیٰ حکام اور معززین شہر نے ملاقات کی، جہاں عید کی خوشیوں کے ساتھ سفارتی روابط کو فروغ دینے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سروسز چیفس کی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد، قربانیوں کو خراج تحسین
عید ملاقات میں ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، عمان، جرمنی، بحرین، جاپان اور چین کے قونصل جنرلز نے شرکت کی اور گورنر سندھ کو عیدالفطر کی پرتپاک مبارکباد پیش کی۔
اس کے علاوہ بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر اور ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل بھی شریک ہوئے، جبکہ یمن، مراکش، انڈونیشیا، ویتنام اور فرانس کے قونصل جنرلز بھی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گورنر ہاؤس پہنچے۔
عید ملاقات کے دوران چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی گورنر سندھ سے ملاقات کر کے عید کی مبارکباد پیش کی، جبکہ رکن قومی اسمبلی اختیار بیگ اور استیاق بیگ سمیت دیگر شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر ثقافتی روابط، تعلیمی اشتراک اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
گورنر سندھ نے بین الاقوامی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر جیسے مواقع عالمی ہم آہنگی اور خیر سگالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
عید کے پرمسرت موقع پر گورنر ہاؤس سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا جہاں عالمی ہم آہنگی اور بین الاقوامی تعلقات کی ایک مثبت تصویر دیکھنے میں آئی۔
