اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) – صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد، یکجہتی اور قانون کی پاسداری پر زور دیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں عید کی نماز، بانی پی ٹی آئی شریک نہ ہو سکے
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر کا دن ہمیں قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے، لہٰذا ہمیں بطور قوم ان اصولوں کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عید کی خوشیوں کے باوجود ہمارے دل غزہ اور مشرق وسطیٰ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کی تکلیف اس بات کی یاد دہانی ہے کہ امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔
دوسری جانب پاک فوج کی جانب سے بھی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دعا ہے عید پاکستان اور پوری امت مسلمہ کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عید ہمیں اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے، جبکہ پاک فوج کے جوان عید کے دن بھی وطن کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔
