راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) – چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
یومِ پاکستان پر آئی ایس پی آر کا خصوصی نغمہ جاری
آئی ایس پی آر کے مطابق سروسز چیفس نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ عیدالفطر اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری کی اعلیٰ اقدار کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے لیے عید کی حقیقی روح ملک کی خدمت اور حفاظت میں مضمر ہے، چاہے جوان اپنے اہلِ خانہ سے دور ہی کیوں نہ ہوں۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ یہ دن پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور برکتوں کا پیغام بنے، جبکہ افواج پاکستان ہر قیمت پر ملک کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان کے جوان عید کے موقع پر بھی سرحدوں اور ملک کے مختلف حصوں میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ قوم کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
سروسز چیفس نے اپنے پیغام میں وطن کے بہادر مرد و خواتین کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء اور غازیوں کے اہل خانہ کی ثابت قدمی، حوصلے اور حمایت کو بھی سراہا۔
