وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے مختلف وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس کو نشانہ بناتے ہوئے سائبر حملے کیے، لیکن پاکستان نے ان حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔
بھمبر میں دشمن کا کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کا ناکام منصوبہ، پاک فوج کی بروقت کارروائی
انہوں نے بتایا کہ ان حملوں سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، خاص طور پر ٹیلی کام سیکٹر محفوظ رہا کیونکہ ان ویب سائٹس کی ہوسٹنگ نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن (این ٹی سی) پر ہے، جو ایک مضبوط سائبر سیکیورٹی نظام کی حامل ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ قومی اور صوبائی سطح پر کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیمز (CERTs) فعال ہیں، اور ان کی جانب سے عوام کو سائبر سیکیورٹی سے متعلق آگاہی دی جارہی ہے، ساتھ ہی ایڈوائزری بھی جاری کی جاتی ہے تاکہ شہری بروقت محتاط رہیں۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ نیشنل ٹیکنیکل انٹیلیجنس سروس بورڈ (NTISB) بھی سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔ پاکستان حالیہ برسوں میں سائبر سیکیورٹی کے میدان میں نمایاں بہتری لایا ہے اور اب وہ اُن ممالک میں شامل ہو چکا ہے جو سائبر دفاع میں عالمی سطح پر پہچانے جاتے ہیں، جیسا کہ امریکا اور برطانیہ۔
انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو سائبر وار لڑی جارہی ہے، اس میں نوجوانوں نے منفرد انداز میں حصہ لیا ہے۔ وہ میمز اور پوسٹس کے ذریعے موجودہ کشیدگی کو ایک نیا رنگ دے رہے ہیں، اور ثابت کر رہے ہیں کہ پاکستانی کسی سے خوفزدہ نہیں ہوتے۔
آخر میں شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کا پرچار کیا ہے اور دہشتگردی کی مذمت کی ہے، خاص طور پر پہلگام واقعے پر بھی پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ ہم خود دہشتگردی کا شکار ہیں، لہٰذا بھارت کی جانب سے الزامات بے بنیاد ہیں۔
