کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں بدنام زمانہ منشیات فروش ماما یعقوب کے اڈے پر چھاپہ مارا۔ آپریشن کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ملزم عثمان غنی کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے 60 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
وراثتی حق پر تاریخی فیصلہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے شرعی عدالت کا اہم اقدام
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ 2018 سے منشیات فروشی میں ملوث ہے اور کراچی میں منشیات سپلائی کرنے والا ایک بڑا ڈیلر ہے۔ ملزم اور اس کے ساتھی خیبر پختونخوا اور کوئٹہ سے منشیات اسمگل کر کے کراچی میں فروخت کرتے تھے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر وہ کسی بھی منشیات فروش کے بارے میں معلومات رکھتے ہوں تو فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101، قریبی چیک پوسٹ یا واٹس ایپ نمبر پر اطلاع دیں۔ اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

