تشکر نیوز: ہوپ اینڈ جسٹس کونسل پاکستان کے وفد نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم سے ملاقات کی، جس میں کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سولڈ ویسٹ، گیس اور کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ، اسٹریٹ لائٹس، پیچ ورکس، اور سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات پر گفتگو کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ کرسمس کے موقع پر تمام اداروں کو آن بورڈ لے کر چرچز اور مسیحی علاقوں کا دورہ کیا جائے گا تاکہ مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔
مسیحی برادری کے وفد میں ہوپ اینڈ جسٹس کونسل کے چیئرمین منور جان، پیٹرن انچیف پاسٹر روبن لال، فوکل پرسن توقیر احمد، اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم کو مسیحی برادری کے مسائل، جیسے کہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، انکروچمنٹ کا خاتمہ، اور کرسمس کی عبادات کے دوران بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کی درخواست کی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ تنخواہوں کی ادائیگی کرسمس سے قبل یقینی بنائی جائے گی، اور عبادات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ بھی زیر غور لایا جائے گا۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے ڈپٹی کمشنر کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور کرسمس کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔