تشکر نیوز: پاکستان کے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 6 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی گوادر میں بڑی کارروائی: 1292 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے دیو سالی میں کارروائی کے دوران ایک مطلوب خارجی دہشتگرد احمد شاہ عرف انتظار مارا گیا۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے خرمنگ میں افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 خارجی دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان بارہا عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کا مطالبہ کر چکا ہے اور توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔ ترجمان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے خارجی دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔
گزشتہ دنوں، سیکیورٹی فورسز نے 2 نومبر کو جنوبی وزیرستان کے علاقے سرواکئی میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔