مہاجر قومی موومنٹ: یوم تاسیس پر آفاق احمد کا مہاجر نظریے سے تجدید عہد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) نے اپنے یوم تاسیس کے موقع پر شہر بھر میں سحر و افطار کی تقریبات منعقد کیں، جن میں کارکنان کی بھرپور شرکت اور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ اس موقع پر چیئر مین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر مختصر مگر اہم نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں زونل اور ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

لانڈھی پولیس کا بہادرانہ مقابلہ، ایک ڈکیت ہلاک

نشست میں خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ آج کا دن مہاجر نظریے سے تجدید عہدِ وفا کا دن ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ مہاجر سوچ و فکر اور فلسفے کی بنیاد آج ہی کے دن رکھی گئی تھی، اور ہزاروں نوجوانوں نے اپنی جوانیاں مہاجر لفظ پر نچھاور کرکے مہاجر شناخت کو زندہ رکھا، جس پر ہمیں فخر ہے۔

آفاق احمد نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ ذاتی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر قوم کو مہاجر پرچم تلے متحد کریں اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے مہاجر قوم کی بقاء کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران شہر بھر میں سحر و افطار کی تقریبات منعقد کرنے والے کارکنان کی محنت قابل ستائش ہے، اور تمام زونل کمیٹیوں اور کارکنان کو شاباش دی۔

چیئر مین نے گورنر کی برطرفی اور متحدہ قومی موومنٹ کی حکومت سے علیحدگی کے حوالے سے حالیہ بیانات کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کونسلر کا الیکشن نہیں جیت سکتے، انہیں فارم 47 کے ذریعے اقتدار پر مسلط کیا گیا ہے، اور یہ لوگ اپنے ہینڈلرز کی مرضی کے بغیر حکومت سے باہر آنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات پنجاب اسٹیبلشمنٹ کی خواہش ہے، اور وفاق وہ ہوتا جو ہمیں مکمل گن لیتا، تب ہمیں کسی کے آگے اپنے وسائل اور اختیارات کے لیے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا۔

آفاق احمد نے کارکنان پر زور دیا کہ عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں اور اپنی قوم میں اس احساس کو اجاگر کریں کہ مہاجر قوم کی بقاء صرف آپسی اتحاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینہ بہ سینہ مہاجر نظریے کو پھیلانا اور نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنا ہر کارکن کی اولین ذمہ داری ہے۔

اس نشست کے اختتام پر شعبہ نشر و اشاعت نے تمام کارکنان کو عہد و پیماں یاد دلانے اور سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کردہ اعلامیہ جاری کیا۔

One thought on “مہاجر قومی موومنٹ: یوم تاسیس پر آفاق احمد کا مہاجر نظریے سے تجدید عہد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!