بارشوں کے دوران سندھ رینجرز ہائی الرٹ، عوام کو احتیاطی ہدایات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری بارشوں اور ممکنہ اربن فلڈنگ کے پیشِ نظر پاکستان رینجرز سندھ کو مکمل طور پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق عوام کی حفاظت، بروقت ریسکیو اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع اور مربوط انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا بارش کے بعد کراچی میں ہائی الرٹ، نکاسی آب ترجیح قرار

ترجمان کے مطابق نشیبی علاقوں میں خصوصی نگرانی کے ساتھ فوری رسپانس ٹیموں کی تعیناتی عمل میں لائی جا چکی ہے، تاکہ بارش کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اربن فلڈنگ کے خدشات کے پیش نظر ریسکیو اور معاونتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ مختلف سرکاری اور ضلعی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور مؤثر کوآرڈینیشن قائم کیا جا چکا ہے، جبکہ حساس مقامات پر سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ میں بھی بھرپور تعاون جاری ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

ترجمان سندھ رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خصوصاً نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ مزید برآں، شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں، کھلے تاروں اور پانی میں موجود برقی آلات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر قریبی ہیلپ لائن یا سیکیورٹی اہلکار سے رابطہ کیا جائے تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ ترجمان نے عوام پر زور دیا کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔

ترجمان سندھ رینجرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان رینجرز سندھ ہمیشہ کی طرح عوام کی حفاظت اور خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!