وزیراعلیٰ سندھ کا بارش کے بعد کراچی میں ہائی الرٹ، نکاسی آب ترجیح قرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں تیز بارش کے بعد تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز (DMCs) اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر فیلڈ میں نکل کر صورتحال کا جائزہ لینے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مہاجر قومی موومنٹ: یوم تاسیس پر آفاق احمد کا مہاجر نظریے سے تجدید عہد

وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو ہدایت دی کہ تمام پمپنگ اسٹیشنز پر مشینری اور جنریٹرز کو ہر وقت فعال رکھا جائے۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے، جبکہ پی ڈی ایم اے سندھ اور ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے خبردار کیا کہ نکاسی آب کے کام میں کسی بھی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں کے چوکنگ پوائنٹس فوری طور پر صاف کیے جائیں اور شہر کے تمام انڈر پاسز میں پمپس کو ہمہ وقت فعال رکھا جائے۔

کے الیکٹرک کو ہدایت دی گئی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے فالٹس فوری طور پر دور کیے جائیں اور شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ کرنٹ لگنے کے واقعات سے بچاؤ کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں طبی عملہ اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے ریلیف ٹیمیں ہمہ وقت تیار رکھی جائیں۔

مزید برآں، کچرا اٹھانے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بارش کے دوران کچرا نالوں میں جانے سے روکا جائے تاکہ نکاسی آب کا نظام متاثر نہ ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سوشل میڈیا پر بارش اور نکاسی آب سے متعلق شکایات کا فوری نوٹس لینے اور ان کے حل کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، کھلے تاروں اور اشتہاری بورڈز سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ بارش کے دوران امدادی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام اداروں کو عوامی سہولت کے لیے بھرپور اقدامات کرنے ہوں گے۔

One thought on “وزیراعلیٰ سندھ کا بارش کے بعد کراچی میں ہائی الرٹ، نکاسی آب ترجیح قرار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!