تشکر نیوز: میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن، ایاز حمید اللہ بلوچ نے بارش کے دوران ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی بلدیاتی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پاور ہاؤس چورنگی پر نکاسی آب کے کاموں کی نگرانی کی اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنایا۔
اسلامک بینکنگ کے نام پر عوام سے فراڈ کا انکشاف
کمشنر ایاز بلوچ نے نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے بارش کے پانی کو فوری طور پر صاف کرنے کے احکامات جاری کیے اور افسران کو ہدایت دی کہ رہائشی علاقوں سے پانی کی نکاسی اور صفائی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے تاکہ بارش عوام کے لیے زحمت نہ بنے۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر سینیٹیشن مشتاق احمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن نارتھ کراچی محمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن نیو کراچی خالد شیخ، اے سی بی اینڈ آر اشفاق حسین، سی ایس آئی ریحان احمد اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
ایاز بلوچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ نے قبل از وقت احتیاطی انتظامات مکمل کر لیے تھے، جس کے نتیجے میں ٹاؤن کے کسی بھی علاقے میں بارش کا پانی جمع نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے دوران ٹاؤن انتظامیہ اور عملہ اپنی خدمات بھرپور طریقے سے انجام دے رہا ہے اور برساتی نالوں کی صفائی کا عمل تواتر سے جاری ہے، جس سے نکاسی آب ممکن ہوئی ہے۔