تشکر نیوز: ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کی ہدایت پر اینٹی اسٹریٹ کرائم انچارج راجہ خالد نے عائشہ منزل کے قریب واقع لیاری گینگ وار کے منشیات کے اڈے پر ایک کامیاب کارروائی کی۔ یہ چھاپہ مخبر کی اطلاع پر پاک کالونی کے علاقے میں کیا گیا، جہاں سے لیاری گینگ وار کے کاشف سندھی اور چھوٹا ریاست (جدگال) کے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مارا گیا۔
نمرہ خان اپنے مبینہ اغوا کیس میں سندھ پولیس کی کارکردگی سے مطمئن
پولیس نے کامیاب حکمت عملی کے ذریعے چار ملزمان کو گرفتار کیا جن میں نبی بخش عرف بابا، ارسلان سندھی عرف طوطا، مبین عرف ذیشان اور حسیب شامل ہیں۔ گرفتار شدگان میں سے نبی بخش اور ارسلان سندھی لیاری گینگ وار کے شوٹرز کی ٹیم کے اہم رکن ہیں، جو کہ قتل، اقدام قتل اور منشیات فروشی کے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
مزید برآں، پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر کالا گیٹ اسکول کے قریب سے دس کلو چرس، 20 موبائل فون، اعلیٰ کوالٹی کی کرسٹل اور 15 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔
گرفتار شدگان میں نبی بخش عرف بابا اور ارسلان سندھی مختلف سنگین جرائم کی ایف آئی آرز میں پولیس کو مطلوب تھے۔ نبی بخش پر پاک کالونی میں اکبر بلوچ، فیضان/ابراھیم، منصور اور اویس عرف کللا کے قتل کے مقدمات درج ہیں، جبکہ ارسلان سندھی پر برکت کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔
مبین اور حسیب لیاری گینگ وار کے منشیات کے اڈے پر منشیات فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے پانچ پستول، دو رائفلیں، دس کلو چرس اور 15 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کی ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔