تشکر نیوز: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہڑتال ملک میں جاری مہنگائی، ظالمانہ ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف کی جائے گی۔
حکومت کا ایم پاکس سے بچاؤ کیلئے تمام انٹری پوائنٹس پر ہائی الرٹ کا فیصلہ
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے حکمران جماعتوں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے ملک کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے اعلان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صرف دو ماہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا، جبکہ اس ریلیف کو پورے ملک تک پھیلانا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے زور دیا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج اور دباؤ کی وجہ سے حکمرانوں کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرنا پڑا، لیکن یہ ریلیف صرف پنجاب تک محدود کیوں رکھا گیا؟ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں بجلی سستی ہو سکتی ہے تو سندھ اور دیگر صوبوں میں کیوں نہیں؟
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اقتصادی مرکز ہے اور پاکستان کا 50 فیصد سے زیادہ ٹیکس کراچی سے حاصل ہوتا ہے، لیکن یہاں کے عوام کو بجلی کے ریلیف سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کا بجٹ 3 ہزار ارب روپے ہے، جس میں سے 1895 ارب وفاق سے ملتے ہیں، اس کے باوجود سندھ حکومت عوام کو کوئی ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کے الیکٹرک کو بجلی کے بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک مہنگی بجلی بناتا ہے اور اس کے بغیر بھی کراچی کو پوری بجلی فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور ٹیکسوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ہر طبقے کو پریشان کر رکھا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور آئی پی پیز کی کیپسٹی پیمنٹس کا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی حالات خراب ہیں، اور عوام کے پیسوں سے اربوں روپے کے اشتہارات دیے جا رہے ہیں جبکہ عوام ایل پی جی جیسی مہنگی ایندھن خریدنے پر مجبور ہیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے واضح کیا کہ 28 اگست کی ہڑتال کے بعد بھی مزاحمت جاری رہے گی اور جماعت اسلامی حکومت سے اپنے مطالبات منوانے کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں آیا جب گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔