’مومو‘ کے کردار کو کہیں دوسری جگہ پرفارم نہ کرنے کی پابند ہوں، حنا دلپزیر

مقبول اداکارہ و کامیڈین حنا دلپزیر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے مقبول ڈرامے ’بلبلے‘ کے کردار ’مومو‘ کو کسی دوسری جگہ پرفارم نہ کرنے کی پابند ہیں۔ حال ہی میں حنا دلپزیر نے نادیہ خان کے رمضان شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ’مومو‘ کے کردار پر کھل کر بات کی۔

ایک سوال پر انہوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے ڈرامے ’بلبلے‘ کی ٹیم کے ساتھ تحریری طور پر یہ معاہدہ کر رکھا ہے کہ وہ اپنے کردار ’مومو‘ کو کسی دوسری جگہ پرفارم نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس بات کی پابند ہیں کہ وہ نہ تو کسی ٹی وی شو، ڈرامے اور تھیٹر میں ’مومو‘ کا کردار ادا کریں گی بلکہ کسی عوامی تقریب میں بھی ایسا نہیں کر سکتیں۔

حنا دلپزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک بار ’مومو‘ کا روپ دھار کر ایک اشتہار میں کام کیا تھا اور انہوں نے اشتہار میں کام کرنے سے قبل پیشگی اجازت لی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اشتہار میں ان کے ساتھ عائشہ عمر نے بھی کام کیا تھا اور انہیں اشتہار میں کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

اگرچہ حنا دلپزیر نے بتایا کہ وہ ’مومو‘ کے کردار پر کسی دوسری جگہ ٹی وی، شوز یا تقریبات میں پرفارم نہ کرنے کی پابند ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کتنے سال تک ایسا نہ کرنے کی پابند ہیں اور کیا انہیں ایسا کرنے پر الگ معاوضہ بھی ملتا ہے؟

حنا دلپزیر کے ’بلبلے‘ میں ’مومو‘ کے کردار کو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی خوب پسند کیا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ ’بُلبلے‘ کو ابتدائی طور پر 2009 میں نشر کیا گیا تھا اور یہ ڈراما اتنا مقبول ہوا کہ یہ کئی سال تک مسلسل چلتا رہا اور پھر اس کے مزید سیزن بھی بنائے گئے۔

مذکورہ ڈرامے کی کہانی علی عمران جب کہ ہدایات رانا رضوان نے دی تھیں اور اس میں نبیل ظفر کے علاوہ عائشہ عمر، حنا دلپذیر اور محمود اسلم نے مرکزی کردار ادا کیے۔

 

 

ڈرامہ خاندانی کہانی اور خاندانی کامیڈی کی وجہ سے بہت مقبول ہوا اور یہ مسلسل کئی سال تک چلتا رہا اور اس کے ایک سے زائد سیزن بنائے گئے۔اداکار نبیل ظفر ’بُلبلے‘ کے پروڈیوسر ہیں اور وہ اس کے شریک لکھاری بھی رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!