ماسکو: روسی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ماسکو کے سٹی ہال میں فائرنگ کے واقعے کے بعد سے 95 افراد تاحال لاپتہ ہیں جبکہ حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 140 ہوگئی ہے۔ خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روسی سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قریبی تعلق رکھنے والے خبررساں ادارہ بازا نے دعویٰ کیا ہے کہ شہریوں کی جانب سے اپنے رشتہ داروں کے لاپتہ ہونے کی اپیلوں کی بنیاد پر ایمرجنسی سروس کی ترتیب دی گئی فہرست میں 95 سے زائد افراد کا سراغ تاحال نہیں مل سکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فہرست میں وہ نام شامل ہیں جن تک ان کے رشتہ داروں کی دہشت گردوں کے حملے کے بعد اب تک رسائی نہیں ہوئی جبکہ ان کے نام زخمیوں یا ہلاک افراد کی فہرست میں نہیں ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ان میں چند افراد جاں بحق ہوگئے ہیں لیکن تاحال ان کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔
روسی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ حملہ 4 شوٹرز نے آٹومیٹک ہتھیار کلاشنکوف کا استعمال کرتے ہوئے کیا اور جائے وقوع پر 500 سے زائد خول ملے ہیں۔خبررساں ادارے نے بتایا کہ ماسکو میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے وقت موسیقی کے پروگرام میں 6 ہزار 200 افراد موجود تھے اور عمارت کی چھت گرنے سے قبل وہاں 200 سے زائد افراد موجود تھے۔
ماسکو حملے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شہریوں کی جانب سے اب تک ہلاک افراد کی تعداد کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور جانی نقصان کی مصدقہ اور حتمی فہرست کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اپنے پیاروں کے نام لے کر پوچھ رہے ہیں کیا فہرست میں یہ نام موجود ہے۔