کراچی کی نادرن بائی پاس پر قائم ’عوام دوست مویشی منڈی‘ میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، جہاں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور پہلا سودا بھی طے پا گیا ہے۔
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن تیز
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں خصوصاً پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے بیوپاری بڑی تعداد میں مویشی لے کر منڈی پہنچ رہے ہیں۔ 3 اپریل کو شیخوپورہ کے قریب سے آنے والے بیوپاری چاچا سلیم نے اپنا پہلا جانور فروخت کر کے منڈی کی سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق منڈی میں آنے والے بیوپاریوں اور ان کے جانوروں کے لیے پانی اور چارے کی فراہمی پہلے دن سے یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منڈی کے ہر بلاک میں عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ رات کے اوقات میں بھی سہولت کے لیے مکمل روشنی کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ شہری اور بیوپاری بغیر کسی دشواری کے خرید و فروخت کر سکیں۔
ترجمان عوام دوست منڈی 2026 کا کہنا ہے کہ پہلے ہی دن سے شہریوں کی بڑی تعداد فیملیز کے ہمراہ منڈی کا رخ کر رہی ہے، جبکہ نوجوانوں نے اسے تفریحی مقام بنا لیا ہے۔ شہری خوبصورت جانوروں کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ وقت گزارنے میں بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔
منڈی میں آنے والے شہریوں کے لیے کولڈ ڈرنکس، چپس اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ رات گئے تک خریداروں اور سیاحوں کا رش برقرار رہتا ہے۔
سیکیورٹی کے حوالے سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے منڈی کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں اور نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق آنے والے دنوں میں منڈی میں مزید جانوروں کی آمد اور خریداروں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
