پاکستان بمقابلہ بنگلادیش دوسرا ٹیسٹ میں میزبان بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا بڑا ہدف دے دیا ہے۔ خراب روشنی کے باعث تیسرے روز کا کھیل وقت سے پہلے ختم کردیا گیا، جبکہ پاکستان اپنی دوسری اننگز کا آغاز چوتھے روز کرے گا۔
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی ہونے کا امکان، صارفین کو 20 پیسے فی یونٹ ریلیف متوقع
سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن بنگلادیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں میزبان ٹیم کو پاکستان پر مجموعی طور پر 436 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 437 رنز درکار ہیں۔
بنگلادیش کی جانب سے مشفق الرحیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 137 رنز اسکور کیے جبکہ لٹن داس نے 69 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 123 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔
کپتان نجم الحسن شانتو 15 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ دیگر بیٹرز میں مہدی حسن میراز 19، تیج الاسلام 22، تسکین احمد 6 اور شریف الاسلام 12 رنز بنا سکے جبکہ ناہید رانا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ساجد خان نے 3، حسن علی نے 2 اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا تھا۔ بابر اعظم 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کپتان شان مسعود 21 رنز بنا سکے۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلادیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، جہاں پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
