کراچی میں غیر قانونی دکانوں کے خلاف آپریشن، 14 مسمار

کراچی میں سرکاری زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات اور قبضوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ کمشنر کراچی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار نے محمد بن قاسم روڈ پر بڑا آپریشن کرتے ہوئے 14 غیر قانونی دکانیں مسمار کر دیں۔

نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں پہلا سودا، سرگرمیاں عروج پر

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق یہ کارروائی عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ حکام کو اطلاع ملی تھی کہ متعلقہ ٹاؤن چیئرمین مبینہ طور پر ان غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہے، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کو ختم کر دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ زمین کراچی میونسپل کارپوریشن (KMC) کی ملکیت ہے اور اس پر کسی بھی قسم کا قبضہ یا غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

حاظم بھنگوار نے مزید انکشاف کیا کہ اس کیس میں صدر ٹاؤن کے بعض افراد بھی ملوث پائے گئے ہیں، جن کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس مقام پر دکانیں تعمیر کی جا رہی تھیں وہاں پہلے کے ایم سی کا اسکول موجود تھا، جسے غیر قانونی طور پر کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، تاہم اسکول کی زمین پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی دکانیں قائم نہیں ہونے دی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد بن قاسم روڈ، برنس روڈ سے متصل ایک اہم شاہراہ ہے، جہاں غیر قانونی تعمیرات نہ صرف سرکاری املاک کے لیے نقصان دہ تھیں بلکہ شہریوں کی آمدورفت میں بھی رکاوٹ کا باعث بن رہی تھیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ کمشنر کراچی کی ہدایات کے مطابق شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!