کراچی (اسٹاف رپورٹر) — کراچی میں تجاوزات کے خلاف ایک بار پھر بھرپور اور فیصلہ کن کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر اعظم بنگوار کی چھٹیوں سے واپسی کے فوراً بعد شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات مافیا کے خلاف تابڑ توڑ آپریشنز کیے گئے، جن میں متعدد غیر قانونی ڈھانچے اور رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی نے پولیس ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے اردلی روم کا انعقاد کیا
آپریشن اسسٹنٹ کمشنر اعظم بنگوار کی سربراہی میں کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر رانا سفیان، ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ علی وارث، ٹی ایم سی انچارج شاہنواز، ظفر، فیصل جاوید اور دیگر متعلقہ افسران و عملے نے حصہ لیا۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائیاں جامعہ کلات، بنس روڈ، لائٹ ہاؤس، داؤد پوتا روڈ اور ملحقہ علاقوں میں کی گئیں۔
کارروائی کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، ناجائز اسٹالز، کیبنز اور دیگر رکاوٹیں مسمار کی گئیں، ٹریفک کی روانی بحال کی گئی اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستے صاف کیے گئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے نتیجے میں شہریوں کو فوری ریلیف ملا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں اور ٹریفک نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائیاں محض ابتدا ہیں اور شہر میں غیر قانونی تجاوزات، ناجائز پارکنگ اور مافیا سسٹم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔
مقامی شہریوں نے انتظامیہ کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کا یہ عمل مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ شہر میں قانون کی بالادستی قائم ہو اور شہری زندگی میں بہتری آئے۔





