کراچی (11 فروری 2026) — ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی (سی آر اے) کی گورننگ باڈی کے اراکین نے کراچی پولیس آفس میں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی صدر سی آر اے سمیر قریشی نے کی۔
نیپرا نے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز کا اطلاق شروع کر دیا
ملاقات میں باہمی تعاون، پیشہ ورانہ امور، جرائم کی روک تھام میں میڈیا کے کردار اور پولیس و کرائم رپورٹرز کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سی آر اے کے نائب صدر عبید اللہ شاہ، جنرل سیکریٹری ندیم احمد، سیکریٹری اطلاعات آصف خان، خازن اکرم قریشی اور دیگر گورننگ باڈی کے اراکین بھی موجود تھے۔ وفد نے پولیس چیف کو سی آر اے اراکین کی تربیت، فلاحی سرگرمیوں اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ چیلنجز سے آگاہ کیا۔
جنرل سیکریٹری ندیم احمد نے صحافیوں کے خلاف بیرونی دباؤ کے تحت درج مقدمات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ عمل آزادیٔ اظہار اور صحافت کے لیے نقصان دہ ہے۔
ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ صحافیوں کو درپیش کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کو شامل کیا جائے گا، اور باہمی مشاورت کے تحت مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کرائم رپورٹرز کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ باہمی روابط کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام دوست اور مؤثر پولیسنگ کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

